پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) اور حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی جانب سے بھارتی میڈیا کی ہرزہ سرائی کیخلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں صحافی، کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز نے شرکت کی۔ احتجاج سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر امجد اسلام، نائب صدر ساجد آرائیں، ، ایف ای سی ممبر عمران پاٹولی، عرفان آرائیںو دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت جوکہ جنگی جنون میں مبتلا ہے اس نے پاکستان میں یکطرفہ جنگ مسلط کرکے پورے خطے کے امن کو تہہ وبالا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کا کردار اس حوالے سے انتہائی گھناؤنا ہے اور جس طرح بھارت کے میڈیا نے صحافت اور صحافتی اقدار کی دھجیاں بکھیری ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا میں تین روز سے پاکستان کے حوالے سے مسلسل جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کے ذریعے کروڑوں عوام کو ہیجانی کیفیت میں مبتلا کیا ہو اہے، بھارتی میڈیا کی جھوٹ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے مطابق پاکستان کا کوئی شہر ایسا نہیں جو تباہ وبرباد نہ ہوچکا ہو جبکہ پاکستان میں عوام آزادانہ طورپر اپنی زندگی گزار رہے ہیں اور روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور اب تک جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اس کا بین الاقوامی دنیا کو ادراک کرنا ہوگا، پاکستان کے عوام ملک کی سلامتی کیلئے اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اب وہ دن دور نہیں جب بھارتی حکمرانوں کا اکھنڈ بھارت کا خواب نہ صرف چکنا چور ہوگا بلکہ خود بھارت میں سے کئی بھارت وجود میں آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج اور ائیر فورس کی جانب سے جرات مندانہ کاروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5جدید جنگی جہاز گرائے گئے جس پر پوری قوم فخر محسوس کررہی ہے ، انہوںنے کہاکہ بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈہ کے زریعے بھارتی عوام کو مسلسل گمراہ کررہی ہے حقیقت میں بھارتی فوج کا بھاری جانی اور مالی نقصان ہواہے لیکن وہ اتنی جرات کرنے کے لئے تیار نہیں ہے کہ اپنی عوام کو حقیقت دکھا سکے،انہوںنے کہاکہ پاک فوج نے ایک بار پھر دنیا بھر میں ثابت کردیا ہے کہ وہ ہر محاذہر نمبر ون فوج ہے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج ہر لمحہ دشمن کی جارحیت جواب دینے کیلئے شب و روز تیار رہتی ہے ۔