بڑی عمروالوں کیلئے ڈرامے بہت کم لکھے جارہے ہیں، ثانیہ سعید۔۔

اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں کم عمر خواتین کو پرکشش سمجھا جاتا ہے، یہی سوچ میڈیا اور ادب دونوں میں گہرائی سے موجود ہے۔ثانیہ سعید نے حال ہی میں ’فیسز آف پاکستان‘ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کہا کہ ہماری انڈسٹری میں بڑی عمر کی خواتین کے لیے بہت کم کہانیاں لکھی جاتی ہیں، جو اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ ہمارا معاشرہ خواتین کو کس نظر سے دیکھتا ہے۔ان کے مطابق معاشرہ عموماً خواتین کو اُس وقت تک پُرکشش سمجھتا ہے جب تک وہ بچے پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اس کے بعد ان کی کشش کم سمجھی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا میں بھی یہی رجحان پایا جاتا ہے، جیسے ڈراموں یا فلموں میں یہ تصور عام ہے کہ جتنی کم عمر لڑکی ہوگی، اُس پراجیکٹ کا مواد اتنا ہی زیادہ قابلِ فروخت ہوگا، اسی سوچ کے باعث 35 سالہ خاتون کی کہانیاں نہیں سنائی جاتیں بلکہ اُس عمر کی اداکارہ سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ چارپائی پکڑ لے۔ثانیہ سعید نے کہا کہ حقیقت میں عورت کی کہانی تو اس عمر سے شروع ہوتی ہے، اگر ان کے اپنے کیریئر پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے کبھی بھی اپنی عمر کے مطابق کردار ادا نہیں کیے، ان کے زیادہ تر کردار ان سے عمر میں بڑے تھے اور وہ اکثر ماں کا کردار نبھاتی رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایسے ڈرامے بہت کم لکھے جا رہے ہیں جن کی کہانیاں نوجوانوں کے بجائے بڑی عمر کے افراد کے گرد گھومتی ہیں، تاہم جو لکھاری اس طرح کے موضوعات پر کام کر رہے ہیں وہ حقیقی معنوں میں جرات کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کیونکہ وہ مخصوص روایتی کہانیوں کے دائرے سے باہر نکل کر مختلف اور منفرد موضوعات پر لکھ رہے ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں