اداکارہ مریم نفیس نے کہا ہے کہ معاشرے میں اب بھی خصوصی طور پر شوبز انڈسٹری میں کام کرنے والی خواتین کو پسند نہیں کیا جاتا، ان کے کام کو غلط سمجھا جاتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ سب سے زیادہ نمازیں ڈراما سیٹوں پر پڑھی جاتی ہیں۔سماء ٹی وی کے مارننگ شو کے دوران بات کرتے ہوئے مریم نفیس نے ’بے بی‘ بمپ کے ساتھ اپنے فوٹوشوٹ پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں ان پر کی جانے والی تنقید سمجھ نہیں آئی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی خاتون حمل سے ہوں تو یہ سمجھا جاتا ہے کہ اب وہ باہر نہ نکلے اور گھر تک ہی محدود رہے لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے؟اداکارہ کے مطابق بچہ پیدا کرنا کوئی غلط کام نہیں، وہ بہت ہی اچھا اور معجزاتی کام ہے، پھر کیوں حمل کو چھپانے کی باتیں کی جاتی ہیں؟انہوں نے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ خصوصی طور پر شوبز میں کام کرنے والی خواتین کو پسند نہیں کیا جاتا، ان سے متعلق سوالات اٹھائے جاتے ہیں کہ وہ کس طرح کام کر رہی ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ کس طرح کا کام سے کیا مطلب ہے؟ شوبز میں ہر طرح کا پس منظر رکھنے والی لڑکیاں موجود ہیں جو اچھی تعلیم یافتہ بھی ہیں لیکن اس باوجود ان کے کام پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔مریم نفیس نے اسی دوران کہا کہ سب سے زیادہ نمازیں ڈراما سیٹوں پر پڑھی جاتی ہیں، ہم سب لوگ مل کر کھانا کھاتے ہیں، کوئی کسی کو چھوٹا یا بڑا نہیں سمجھتا، کوئی کسی کے کام کو کمتر نہیں کہتا لیکن اس باوجود ہم پر سوال اٹھایا جاتا ہے کہ یہ کس طرح کام کر رہے ہیں؟
