ڈیسک ایڈیٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (دیپ) اپنےمعزز رکن، ممبر کراچی پریس سینئر صحافی رضوان اعوان کے ساتھ نئی بول انتظامیہ کے ناروا سلوک کی مذمت کرتی ہے رضوان اعوان بحیثیت کنٹرولر نیوز اپنے اسٹاف کے حق کےلیے بات کرنے انتظامیہ کے پاس گئے تھے جس پر ایڈمن ہیڈ نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور دھمکیاں دے کرآفس سے نکلنے کا کہا۔ بول کی نئی انتظامیہ نے بول ملازمین کے ساتھ پہلے سے طے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کی تنخواہ سے ٹیکس کاٹا جو کہ اس سے پہلے نہیں کاٹا جاتا تھا۔ اس ناانصافی پر تمام ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، ملازمین کی شکایت لیکر رضوان اعوان ایڈمن گئے تو وہاں موجود ایڈمن ہیڈ نے انہیں بے توقیر کیا اور دھمکیاں دیں۔ انہیں اتنا مجبور کیا گیا کہ وہ نوکری کو ہی خیرباد کہہ دیں ۔ اپنے بیان میں چیئرمین دیپ ذاکر علی اعوان نے کہا کہ ایک سینئر صحافی کے ساتھ ہوئے اس ناروا سلوک پر دیپ خاموش نہیں بیٹھے گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ نئی بول انتظامیہ اپنے ایڈمن ہیڈ کے خلاف انضباطی کارروائی کرے اور رضوان اعوان سے معافی مانگ انہیں فوری طور پر عہدے پر بحال کیا جائے۔