برطرف صحافیوں کو فوری بحال کیاجائے، پی ایف یوجے ورکرز۔۔

راولپنڈی سے شائع ہونیو الے جنگ کے 80سے زائد ملازمین اور ٹی وی چینل جی این این میں کام کرنے والے صحافیوں و ملازمین کی جبری برطرفی ، معاشی قتل عام کے مترادف ہے جس کا حکومت فوری طورپر نوٹس لے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ ، ایف ای سی کے ممبرعمران پاٹولی، عبداللہ سروہی، کراچی یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سیکریٹری صابر علی، حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سینئر نائب صدر عمران ملک، نائب صدر ساجد آرائیں، سیکریٹری عاشق ساند، مٹیاری یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر عبدالغفور میمن، دین محمد بلوچ، میرپورخاص یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر شاہد جمیل، ٹنڈوالہیار یونین آف جرنلسٹس (ورکرز ) کے صدر عزین خانزادہ، شہیدبینظیر آباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر بلال احمد قریشی، نائب صدر نیک محمد عمر کوٹ یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر ولی محمد ، جنرل سیکریٹری راشد حنیف قائم خانی، ٹھٹھہ یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے صدر محمد میمن، جنرل سیکریٹری نزاکت علی، بدین یونین آف جرنلسٹس (ورکرز ) کے صدر شکیل کانجھی اور دیگر نے روزنامہ جنگ راولپنڈی سے 80سے زائد صحافیوں ، فوٹو گرافر اور دیگر عملے کو جبری برطرف کئے جانے جبکہ کراچی سمیت دیگر شہروں سے ٹی وی چینل جی این این کے نمائندوں کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور فوری طورپر برطرف صحافیوں کو بحال کروائیں۔ انہوں نے کہاکہ اخبار ات اور چینل مالکان برسوں سے اداروں میں کام کرنے والے صحافیوں اور دیگر عملے کو بلاجواز برطرف کرکے صحافیوں کا معاشی قتل عام کررہے ہیں ، پہلے ہی صحافیوں میں مہنگائی کی تناسب سے نہ تو تنخواہیں دی جارہی ہیں اور نہ ہی بنیادی سہولیات حاصل ہیں، بیشتر اداروں میں کئی کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں اوپر سے جبری برطرفی ظلم کی انتہا ہے جو کسی طورپر بھی برداشت نہیں کی جائیگی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں