ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل عینا آصف نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے فنی سفر کے دوران کچھ ذاتی حدود کی سختی سے پابندی کرتی ہیں۔عینا آصف نے حال ہی میں حسن چوہدری کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ایک سوال کے جواب میں عینا آصف نے کہا کہ اداکاری کے باعث اُن کی تعلیم کبھی متاثر نہیں ہوئی، کیونکہ اُن کے دونوں بہن بھائی پڑھائی میں بہت اچھے ہیں اور اُن کی بھرپور مدد کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے ہمیشہ اچھے نمبرز آتے ہیں۔عینا آصف نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اداکاری کے ساتھ ساتھ اسکیچنگ اور سوئمنگ کا بھی شوق ہے اور وہ فارغ وقت میں ان مشاغل میں مصروف رہتی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ڈرامے نہیں دیکھتیں، کیونکہ جب وہ خود کو اسکرین پر دیکھتی ہیں تو محسوس کرتی ہیں کہ وہ اپنی اداکاری کو مزید بہتر کرسکتی تھیں، یہی وجہ ہے کہ وہ تنقید سے بچنے کے لیے اپنے ڈرامے نہیں دیکھتیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنے کام کے دوران کچھ ذاتی حدود کی پابند ہیں، مثلاً وہ ایسا لباس نہیں پہنیں گی جو اُن کے اصولوں کے خلاف ہو یا کسی منظر میں حد سے زیادہ ساتھی اداکار کے قریب ہونا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حدود انہوں نے خود مقرر کی ہیں اور اگر وہ کسی امیر لڑکی کا کردار بھی ادا کر رہی ہوں تو لباس کا انتخاب اپنی ترجیحات کو مدنظر رکھ کر ہی کرتی ہیں۔
