انورمقصودکے تھیٹر پلے کا اجازت نامہ کینسل۔۔

اسلام آباد کی انتظامیہ نے معروف مزاحیہ فنکار و مصنف انور مقصود کے سٹیج ڈرامے ’ہاؤس اریسٹ‘ کو اسلام آباد میں شوز کے لیے دیا گیا اجازت نامہ جمعے کو ڈرامے کے آغاز سے کچھ لمحات قبل ہی منسوخ کر دیا۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر کی جانب سے ہاؤس اریسٹ پیش کرنے والی کمپنی ’کاپی کیٹ پروڈکشنز‘ کو بھیجے گئے نوٹیفکشین میں کمپنی کو ڈرامہ پیش نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے یہ تھیٹر پلے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سے اے) اسلام آباد میں 24 اپریل سے پیش کیا جا رہا تھا۔گذشہ روز کاپی کیٹ پروڈکشنز کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اعلان کیا گیا کہ ’ہم بوجھل دل کے ساتھ یہ اطلاع دیتے ہیں کہ ہمارے آج کے تمام شوز کینسل ہو گئے ہیں کیونکہ اسلام آباد انتظامیہ نے ہمارا این او سی منسوخ کر دیا ہے اور ہماری جانب سے آخری لمحے تک کی جانے والی مسلسل کوششوں کے باوجود ہمیں حکام کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔بی بی سی کی جانب سے اسلام آباد انتظامیہ سے اس حوالے سے تفصیلات جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔انور مقصود کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے انھیں یا ان کی ٹیم کو اچانک پلے کا اجازت نامہ کینسل کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔انور مقصود کے مطابق ہاؤس اریسٹ ایک گھر میں رہنے والی دو بہنوں 80 سالہ بی اماں اور 75 سالہ نسرین کی کہانی ہے۔ یہ دونوں لکھنؤ سے ہجرت کر کے کراچی آئی ہیں۔ اور ان کے بیٹے نے انھیں گھر میں قید کر رکھا ہے۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انور مقصود کا کہنا تھا کہ کہ ’یہ سیدھا سادہ پلے ہے، اس میں کوئی سیاسی بات نہیں، یہ کسی ادارے یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے بلکہ ہمارے عوام کے متعلق ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں