سندھ کے سینئر وزیر شرجيل انعام میمن نے اپنے بیان میں صحافی امتیاز میر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز میر ایک محنتی اور نڈر صحافی تھے، جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ امتیاز میر پر حملے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، امتیاز میر پر حملہ کے ذمے دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دریں اثنا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک بیان میں امتیاز میر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ ’ امتیاز میر کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ مرحوم صحافی کی میڈیا میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
