ٹی وی میزبان اقرار الحسن کی اہلیہ سابق نیوز اینکر فرح اقرار نے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں ان کے شوہر وزیر اعظم بنے تو وہ خاتون اول نہیں بلکہ دوئم بنیں گی۔فرح اقرار نے حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوہر کے سیاست میں آنے اور مستقبل میں وزیر اعظم بننے پر بھی گفتگو کی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر اقرار الحسن نے نوجوانوں کو سیاست میں متحرک کرنے کی تحریک شروع کرنے سے قبل ان سے مشورہ کیا تھا۔ان کے مطابق ان کے شوہر کا ہدف نوجوان ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ جب پرانی سیاست پارٹیوں کے لوگ وزیر اعظم بن سکتے ہیں تو عام نوجوان کیوں نہیں بن سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر خود کو وزیر اعظم بنانے کی بات نہیں کرتے بلکہ وہ عام نوجوانوں کو وزیر اعظم بننے پر اکساتے ہیں۔فرح اقرار کے مطابق ابھی ان کے شوہر کی تحریک انتہائی ابتدائی مراحل میں ہے، ابھی وہ صرف نوجوانوں سے ملنے کے پروگرامات کرتے ہیں، مستقبل میں اس کا کیا نتیجہ نکلے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں ان کے شوہر وزیر اعظم بنتے ہیں تو وہ خاتون اول نہیں بلکہ دوئم بنیں گی۔ان کے مطابق چوں کہ ان کے شوہر کی بیویاں زیادہ ہیں، اس لیے وہ خاتون اول نہیں بنیں گی بلکہ وہ خاتون دوئم بنیں گی۔خیال رہے کہ اقرار الحسن نے تین شادیاں کر رکھی ہیں، ان کی پہلی بیوی قرت العین، دوسری فرح اقرار اور تیسری عروسہ خان ہیں، تینوں اینکر رہ چکی ہیں۔
