تحریر: امجدعثمانی۔۔
یہ 28 ستمبر 2025 کے روزنامہ جنگ اور دی نیوز کی صفحہ اول پر شائع ہونے والی ایک “تہلکہ خیز خبر” ہے۔۔یہ ملک کے معتبر اخبار نویس اور جنگ گروپ کے انگریزی اخبار دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن جناب انصار عباسی کی تحقیقاتی سٹوری ہے۔۔۔خبر کی سطر سطر ملک میں “اندھیرنگری چوپٹ راج” کی غمازی کر رہی ہے۔۔جناب انصار عباسی کی خبر کے چیدہ چیدہ اعدادوشمار پڑھیے اور سوچیے کہ قائد کے مقروض پاکستان”میں کیا گلچھڑے اڑائے جا رہے ہیں۔۔؟عباسی صاحب کے مطابق ایف بی آر کو ایک بیورو کریٹ کی صاحب زادی کی شاہانہ شادی کا ہائی پروفائل کیس ملا ہے جو 6؍ پرتعیش تقریبات پر مشتمل تھی اور جس پر اندازاً 24؍ کروڑ 80؍ لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
صرف سجاوٹ اور مقامات کے انتخاب پر تقریباً 4 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔۔ 6؍ تقریبات میں 400؍ مہمانوں کے کھانے پر3 کروڑ روپے لگا دیے گئے۔۔۔دلہا دلہن اور قریبی رشتہ داروں کے ملبوسات ساؤتھ ایشین ڈیزائنرز سے تیار کرائے گئے تھے اور ان پر ساڑھے 3کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔۔سب سے حیران کن خرچ زیورات پر کیا گیا تھا۔ ہیروں اور سونے کے سیٹ جن کی مالیت 8؍ کروڑ روپے تھی۔۔میک اپ، اسٹائلنگ، تفریح اور فوٹوگرافی پر 3 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔۔ دعوت نامے، تحائف اور کری ایٹیو (تخلیقی) کنسلٹنسی پر تقریباً 2 کروڑ 80؍ لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔پر تعیش انداز کو مزید نمایاں کرنے کیلئے ڈرون فوٹیج سے سنیما اسٹائل ویڈیو شوٹس کی گئیں۔۔ ملٹی کورس گورمے کھانے (مینو)، آتش بازی اور ڈرون لائٹ شوز، ہاتھ سے تیار کردہ دعوت نامے اور ذاتی نوعیت کے تحائف و موم بتیوں کے گلدستے بھی شامل تھے۔۔دلہن نے کینیڈا، برطانیہ، میکسیکو اور متحدہ عرب امارات کے کئی دورے کر رکھے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیے گئے اعداد وشمار کے برعکس ان کا اصل طرز زندگی بہت زیادہ شاندارہے۔۔انصار عباسی لکھتے ہیں کہ اخراجات کی تفصیل خاندان کی تقریب سے زیادہ کسی فیچر فلم کے بجٹ جیسی لگتی ہے۔۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اخراجات کو درست ثابت کرنے کیلئے کوئی ڈیکلیریشن موجود نہیں۔ آمدنی کے ذرائع بھی نامعلوم ہیں۔۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سروسز خفیہ طور پر حاصل کی گئیں، وینڈرز کو نقد ادائیگی کی گئی اور کوئی انوائس موجود نہیں۔
لاہور پریس کلب کے تمغہ امتیاز صدر جناب ارشد انصاری کو تو سوا کروڑ کے لہنگے کی بات کرنے پر ایک راہ گیر کی شکایت پر نوٹس تھما دیا گیا ۔۔۔کہاں ہیں پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ ڈی ایس پی وی لاگر ۔کیا کہتے ہیں وہ بیچ اس خبر کے۔۔۔۔کیا وہ جناب انصار عباسی اور جنگ گروپ کیخلاف بھی تھانے شکایت لگائیں گے؟؟؟بلیک کافی پئیں گے اور نگٹس کھائیں گے؟؟وہ کچھ کریں نہ کریں۔۔۔بات سے بات نکل پڑی ہے اور اب دور تک جائے گی۔۔۔۔!!!!کیا اس ہوش ربا خبر کے بعد 14اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ میں شروع ہونے والا ارشد انصاری کیس اور دلچسپ نہیں ہو گیا؟؟؟؟(امجد عثمانی)۔۔
