اداکارہ، ماڈل و کاروباری خاتون کومل عزیز خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہوں نے اداکاری شروع کی تو ان کے اہل خانہ سمیت تمام افراد کو لگتا تھا کہ ان کا افیئر اور اسکینڈل سامنے آئے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔کومل عزیز خان نے ’سماء ٹی وی‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ایک بار پھر انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہنے کا سبب بھی بتایا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز میں خصوصی طور پر خواتین کے پاس وقت کم ہوتا ہے، زائد العمری کے بعد خواتین کے پاس کام کرنے یا کام ملنے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں، اس لیے بھی انہوں نے اداکاری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ان کے مطابق اداکاراؤں کو ہمیشہ مرکزی اور اہم کردار ان کے جسمانی خدوخیال اور چہروں کی وجہ سے ملتے ہیں، اگر چہرے میں کوئی فرق آجائے تو کردار بھی دوسرے ملنا شروع ہوتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ایسا بالکل نہیں ہے کہ وہ اداکاری نہیں کریں گی، مستقبل میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔کومل عزیز خان نے اعتراف کیاکہ شوبز اور خصوصی طور پر ماڈلنگ میں پیسے زیادہ ملتے ہیں، اب جب وہ اپنا کاروبار کرتی ہیں، تو کبھی کبھی کسی ماڈل کی فوٹوشوٹ کے لیے خدمات حاصل کرتی ہیں تو انہیں اندازہ ہوتا ہے کہ ماڈلز ایک ہی فوٹوشوٹ میں کتنے پیسے کماتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انہیں شوبز میں کبھی کوئی مشکل پیش نہیں آئی، کبھی کسی نے ان کے ساتھ کچھ غلط نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے اداکاری کی وجہ ٹرولنگ وغیرہ برداشت کی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی ان کی کمپنی میں ملازمت کرنے والی چار سے پانچ لڑکیوں نے ان سے کوئی بات منوانے کے لیے ایک ساتھ ملازمت سے استعفیٰ دیا، انہوں نے نوٹس پیرڈ بھی نہیں گزارا اور پھر مطالبہ کیا کہ انہیں تمام تنخواہیں اور بقایات جات ادا کیے جائیں، جس پر انہوں نے نوٹس پیرڈ مکمل نہ کرنے کی وجہ سے انہیں پیسے دینے سے انکار کیا۔کومل عزیز خان کے مطابق ان کی کمپنی کی جانب سے استعفیٰ دینے والی لڑکیوں کو پیسے دینے سے انکار کے بعد تمام لڑکیوں نے لنکڈن پر ان کے خلاف مہم چلائی، ان پر الزامات لگائے اور جعلی اکاؤنٹس بھی بنا کر ان پر تہمتیں لگائیں، جس کے بعد باقی لوگ بھی انہیں برا بھلا کہنے لگے۔انہوں نے بتایا کہ حیران کن طور پر انہیں شوبز میں کام کرنے کے دوران کسی طرح کی کوئی ٹرولنگ، بدنامی یا مخالفت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا لیکن کاروبار شروع کرتے وقت ان پر الزامات بھی لگائے گئے۔اداکارہ کے مطابق میں ایک قدامت پسند خاندان سے تعلق رکھتی ہوں، میرے گھر والوں پر میرے شوبز میں کام کرنے پر پہلے ہی دباؤ تھا کیونکہ وہ میرے پیشے سے خوش نہیں تھے، میری اداکاری کے دوران گھر والوں سے اختلافات بھی ہوئے، کیونکہ میرا خاندان پڑھا لکھا ہے اور وہ کہتے تھے کہ امریکا سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد تم خود کو اس فیلڈ میں ضائع کر رہی ہو، آخرکار میں نے اپنی فیملی کی خاطر شوبز چھوڑ دیا، کچھ وقت تھراپی اور مینٹل ہیلتھ سیشنز لینے کے بعد میں نے واضح فیصلہ کیا کہ یہی بہتر ہے۔
