قومی اسمبلی نے اخبار کے ملازمین (شرائطِ ملازمت) ترمیمی بل 2025 شق وار منظور کر لیا۔ بل وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے ایوان میں پیش کیا۔ترمیمی بل کا مقصد اخباری ملازمین سے متعلق موجودہ قانون کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، روزگار کے تحفظ کو مضبوط بنانا اور اداروں و ملازمین کے درمیان سروس کنڈیشنز کو واضح اور مؤثر بنانا ہے۔ بل کے ذریعے اخبار کے مستقل، کنٹریکٹ اور جز وقتی ملازمین سے متعلق بعض قانونی ابہامات دور کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔بل میں ملازمین کی تنخواہوں، مراعات، برطرفی کے طریقہ کار اور واجبات کی ادائیگی سے متعلق شقوں کو مزید واضح بنانے کی تجویز دی گئی ہے، تاکہ لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترمیمی قانون کے تحت متعلقہ فورمز اور لیبر اتھارٹیز کے اختیارات کو بھی مضبوط بنانے کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔حکومتی مؤقف کے مطابق اس ترمیم کا مقصد اخباری صنعت میں کام کرنے والے صحافیوں اور دیگر ملازمین کے حقوق کا تحفظ، پیشہ ورانہ استحکام اور میڈیا اداروں میں شفاف لیبر پریکٹسز کو فروغ دینا ہے۔ایوان میں بل پر شق وار غور کے بعد اسے منظور کر لیا گیا، جس کے بعد یہ قانون سازی کے اگلے مراحل کے لیے متعلقہ فورم کو بھجوا دیا گیا۔
