آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے مشترکہ اجلاس میں ایپنک کے آئندہ الیکشن 2027-2025 کا انعقاد 16 نومبر 2025ء کو کراچی پریس کلب میں کرانے کی منظوری دیدی۔ ایپنک کا مشاورتی اجلاس برائے الیکشن جنگ پبلی کیشنز ایمپلائز یونین کراچی کے آفس میں ہوا۔ اجلاس میں جاوید پریس ایمپلائز یونین کے جنرل سیکریٹری رانا یوسف، دی نیوز ایمپلائز یونین کراچی کے جنرل سیکریٹری، دارا ظفر، صدر سعید پاشا، جنگ ایمپلائز یونین کراچی کے جنرل سیکریٹری شکیل یامین کانگا، صدر مشتاق اختر، ایم ڈبلیو او کے چیئرمین محمدعرفان علی و جنرل سیکریٹری عبیداللہ، امت ایمپلائز یونین کراچی کے جنرل سیکریٹری ندیم محمود، ہیرالڈ ایمپلائز یونین (ڈان) کراچی کے جنرل سیکریٹری محمد کاشف، APP کے جنرل سیکریٹری صلاح الدین عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے ایپنک میں شامل ملک کی تمام اخباری ٹریڈ یونینز اور میڈیا ورکرز آرگنائزیشنز سے مشاورت اور اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی منظوری لینے کے بعد آئندہ الیکشن 2027-2025 کیلئے الیکشن کمیٹی اور الیکشن شیڈول کا اعلان کیا۔ اجلاس کے فیصلوں کے مطابق سینئر ٹریڈ یونین لیڈر حبیب الدین جنیدی الیکشن کمیٹی کے سربراہ، سینئیر صحافی امتیاز فاران اور ٹریڈ یونین لیڈر لیاقت ساہی ممبر الیکشن کمیٹی ہونگے۔ اجلاس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر حسن خان، جنرل سیکرٹری سردار لیاقت کاشمیری، امتیاز فاران سمیت سینئیر صحافی و تجزیہ نگار مظہر عباس صاحب کی ایپنک کے اتحاد کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا انکی کاوشوں کی بدولت ملک گیر ٹریڈ یونینز ایک بار پھر بھرپور اتحاد کے ساتھ نیوز پیپرز ایمپلائز اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی جدوجہد کریں گی۔ اجلاس میں گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ایپنک کے جعلی الیکشن کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی اور وفاقی وزیر عطا تارڈ کی جعلی نمائندہ تنظیم کی تقریب میں شرکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ نون لیگ کی قیادت کو چاہیے وہ فیصلہ کریں کے اخبارات اور میڈیا کی حقیقی تنظیموں کے بجائے نام نہاد جھوٹے لوگوں کے ساتھ کیا کرنا ہے، انفارمیشن منسٹری یاحکومتی نمائندوں نے آئندہ ان جعلی لوگوں کی حوصلہ افزائی کی تو ایپنک اور اس کی ملک بھر سے شامل CBA یونینز کی جانب سے سخت ردعمل دیا جائے گا۔
