آزاد کشمیر میں صحافیوں پر پولیس کا تشدد۔۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز ) کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعد یہ کمال ، سیکریٹری جنرل شاہدعلی سینئر نائب صدر ناصر شیخ عبدالرزاق چشتی نے آزاد جموں و کشمیر کے شہر مظفر آباد میں مظاہرے کی کوریج کےدوران پولیس اہلکاروں کے بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں مقامی صحافی حمزہ کاٹیل ، کامران مغل ، مقدس گیلانی سمیت دیگر کو زخمی کئے جانے کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کا یہ عمل آزادی صحافت کی کھلی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ زخمی کئے جانے والے صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری انجام دے رہے تھے انہیں جس طرح پولیس اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا وہ نا قابل برداشت ہے اور اس طرح کے عمل سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی پاکستان میں صحافی اور صحافتی اداروں میں کام کرنے والے افرادغیر محفوظ ہو چکے ہیں اس طرح کے عمل کا اگر فوری طور پر حکومت نے نوٹس نہ لیا تو یہ خود حکومت اور جمہوریت کیخلاف ہوگا۔ ایک طرف تو صحافی ، کیمرہ مین اور فوٹو گرافر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے نشانے پر ہےدوسری جانب سیکورٹی ادارے جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں تحفظ فراہم کرے، اب ان ہی اداروں کے اہلکار خوداس طرح کی گھٹیا حرکتوں پر اتر آئے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر، وزیر اطلاعات اور دیگر ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور اس واقعہ میں ملوث پولیس افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ بصورت دیگر پی ایف یو جے ( ورکرز ) شدید احتجاج کرے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں