آئی جی سندھ  سے کرائم رپورٹرز کے وفد کی ملاقات۔۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کراچی (سی آر اے) کی گورننگ باڈی کے اراکین نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت صدر سی آر اے سمیر قریشی نے کی۔ملاقات کے دوران باہمی تعاون، پیشہ ورانہ امور، جرائم کی روک تھام میں میڈیا کے کردار اور پولیس و کرائم رپورٹرز کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایس ایس پی میڈیا اینڈ پبلک ریلیشنز، ڈائریکٹر پریس سی پی او بھی موجود تھے، جبکہ وفد میں سی آر اے کے نائب صدر عبید اللہ شاہ، جنرل سیکریٹری ندیم احمد، سیکریٹری اطلاعات آصف خان، خازن اکرم قریشی اور گورننگ باڈی کے اراکین عدنان راجپوت، اورنگزیب جبار، ثاقب عالم، صبا عروج خان، اظہر زیدی، مطلوب بیگ اور وحید جیلانی شامل تھے۔وفد نے آئی جی سندھ کو سی آر اے اراکین کی تربیت، فلاحی سرگرمیوں، آگاہی مہمات اور صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ چیلنجز کے حل کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران جنرل سیکریٹری سی آر اے ندیم احمد نے فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں کے خلاف سیاسی دباؤ کے تحت درج ہونے والے مقدمات پر تشویش کا اظہار کیا اور ایسے اقدامات کو آزادیٔ اظہارِ رائے اور صحافت کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صحافیوں کو درپیش کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کو آن بورڈ لیا جائے گا، جبکہ باہمی مشاورت اور مشترکہ لائحہ عمل کے تحت مسائل کے حل کے لیے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں