سندھ کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹشنرز نے نجی چینل سے وابستہ صحافی حافظ معاذ کی بخیریت گھر واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ سکھر میں ٹائم نیوز سے وابستہ صحافی حیدر مستوئی پر فائرنگ کے واقعے پر ڈی آئی جی سکھر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ کمیشن نے آئی جی سندھ سے میرپور ماتھیلو کے صحافی نصراللہ گڈانی کے قتل کیس میں تحقیقات کی پیش رفت رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔ کمیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ نظر اکبر کی سربراہی میں ہوا جس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد اور سی پی این اے کے جبار خٹک نے شرکت کی۔ اجلاس میں فہیم صدیقی کی جانب سے بتایا گیا کہ کمیشن کی جانب سے نوٹس لیے جانے اور پولیس حکام کو حافظ معاذ کی بازیابی کے احکامات دیئے جانے کے بعد لاپتہ صحافی اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں حافظ معاذ کی گھر واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں سکھر ڈویژن میں ایک اور صحافی ٹائم نیوز سے وابستہ حیدر مستوئی پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا گیا چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ نظر اکبر نے کہا کہ سکھر ڈویژن میں یہ چند روز میں دوسرا واقعہ ہے جبکہ سکھر سے وابستہ جان محمد مہر کے قاتل بھی تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے ہیں۔ کمیشن نے ڈی آئی جی سکھر سے حیدر مستوئی پر فائرنگ کے واقعے کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جبکہ آئی جی سندھ سے نصراللہ گڈانی قتل کیس کی اب تک کی تحقیقات پر پیش رفت رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔