پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل نے روزنامہ لیڈر اور روزنامہ مقابلہ کے سینئر اسٹاف ر پورٹر ندیم اصغر رحیم پر دوران ڈیوٹی لیسکو کی رانا ٹاؤن سب ڈویژن کے اہلکاروں کے بیہمانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مذکورہ اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ صدر پی یو جے میاں شاہد ندیم نے کہا کہ لیسکو کی کرپشن چھاپنے پر سینئر صحافی پر تشدد ظلم اور فسطائیت کی بدترین مثال ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو اس معاملے کا نوٹس لیں اور سینئر صحافی ندیم اصغر صہیم کو تشدد کا نشانہ بنانے والے لیسکو اہلکار محمود اور اس کے ساتھیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔ انہوں نے سی سی پی او لاہور سے بھی مذکورہ اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ جنرل سیکرٹری پی یوجے قاضی طارق عزیز نے کہا کہ صحافی حقائق کو کیمرے کی آنکھ اور قلم کی نوک کے ذریعے سامنے لاتے ہیں لیکن افسوس انہیں اوچھے ہتھکنڈوں اور تشدد سے روکنے کی گھٹیا کوششیں کی جا رہی ہیں ، چیف ایگزیکٹو لیسکو رانا ٹاؤن سب ڈویژن کے کرپٹ افسروں خاص طور پر محمود نامی اہلکار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف فوری کارروائی کریں اور انہیں نوکری سے برخاست کریں۔
