ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیاتِ کراچی آصف جان صدیقی سے لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے سوک سینٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ادارے کی کارکردگی، شہری ترقی کے منصوبے اور صحافیوں کے عملی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں سینئر صحافیوں سمیت لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران سرپرست اعلیٰ شہزاد چغتائی ، صدر تنویر سید ، جنرل سیکرٹری عمران علی شاہ ، جوائنٹ سیکرٹری رانا ریحان ، اراکین گورننگ باڈی رضوان جلالی ، حامد حسن ، آصف علی، شہزاد علی شاہ ، راؤ غفار و دیگر رہنما شریک تھے۔ اس موقع پر سینئر صحافیوں نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی جانب سے ادارے میں شفافیت، بہتری اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے صحافیوں کے کردار کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا عوام اور اداروں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے ادارہ ترقیاتِ کراچی تمام ہم خیال ترقیاتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھے گا۔انہوں نے لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اراکین کو یقین دلایا کہ ادارہ میڈیا کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گا تاکہ شہری منصوبوں، ترقیاتی اسکیموں اور عوامی مفاد کے اقدامات کی مؤثر انداز میں آگاہی عوام تک پہنچائی جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر وفد سے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ادارے کے ساتھ مثبت روابط کے تسلسل پر اتفاق کیا۔۔۔
