chairman air karachi haneef gohar ka anchors club ke aezaz mein asraba

چیئرمین ائیر کراچی حنیف گوہر کا اینکرز کلب کے اعزاز میں عصرانہ ۔۔

گوہر گروپ آف کمپنیز اور ایئر کراچی کے چیرمین حنیف گوہر کی جانب سے اینکرز کلب کے اعزاز میں عصرانے کا اہتمام کیا گیا۔ ائیر کراچی سیکریٹریٹ میں منعقدہ اس تقریب میں سینئر صحافی و بانی اینکرز کلب اختر شاہین رند و دیگر اینکرپرسنز علی ناصر، صدیق سرور، ملک منور حسین، محمد علی سومرو، شرجیل ارشد، ماہین انجم، امجد چوہدری، انجینئر امتیاز لغاری، ذیشان یاسین، لیاقت مغل، مہوش چوہان، رانی چوہان نے شرکت کی۔ اس موقع پر اینکرز کلب کی دعوت پر تاجر رہنما شیخ خالد نور کپڑے والا نے خصوصی شرکت کی۔ اینکرز کلب کی جانب سے اختر شاہین رند، علی ناصر اور دیگر اراکین نے ایئر کراچی کے قیام پر حنیف گوہر کو شیلڈ اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ تقریب کی نظامت علی ناصر نے کی۔ استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے بانی اینکرز کلب اختر شاہین رند نے ائیر کراچی کے قیام پر حنیف گوہر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور صحافی برادری کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اختر شاہین رند نے تمام اینکرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایونٹ کے کوآرڈینیٹرز اینکرپرسنز علی ناصر اور ماہین انجم کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر اینکرز کلب اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف گوہر کا کہنا تھا کہ ایئر کراچی کے قیام کا مقصد روز گار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی و بین الاقوامی سطح پر شہر قائد کا مثبت چہرہ اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔ ملک ہماری ماں ہے۔ آج اس پر مشکل وقت ہے تو اسے چھوڑ کر بھاگنے کے بجائے اس تکلیف کو دور کرنے کا وقت ہے۔ اسی شہر اور ملک نے ہمیں پہچان اور سب کچھ دیا ہے۔ آج اسے لوٹانے کا وقت ہے۔ حنیف گوہر نے بتایا کہ کراچی کی اپنی ائیرلائن شروع کرنے کا ان کا خواب پندرہ سال پرانا ہے جسے اب تعبیر مل رہی ہے۔ اگلے چھ ماہ کے اندر ائیر کراچی کے جہاز اڑانا شروع کر دیں گے۔ تاجر رہنما شیخ خالد نور نے ائیر کراچی کے قیام پر حنیف گوہر کو مبارکباد دی اور اینکرز کلب کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے اینکرز کلب اراکین کو جامعہ کلاتھ مارکیٹ میں خریداری پر 20 سے 25 فیصد ڈسکاؤنٹ کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں دیگر اینکرپرسنز نے بھی اظہار خیال کیا۔ تقریب کے اختتام پر اینکرز کلب کی جانب سے حنیف گوہر اور شیخ خالد نور کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں