قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے قومی نشریاتی ادارے (پی ٹی وی) کے انتظامی اور پیشہ وارانہ اخراجات پورے کرنے کے لئے آمدن کے اضافی ذرائع تلاش کرنے پر زور دیا ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات عنبرین جان نے اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات بارے اجلاس کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے وزارت پر زور دیا کہ اپنے ملازمین کے بقیہ مالی واجبات کی ادائیگی کے لئے حکومت سے گرانٹ کے حصول کی کوششیں تیز کرے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین رکن قومی اسمبلی پلین بلوچ کی زیر صدارت منگل کو اسلام آباد میں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ موجودہ انتظامیہ نے کارپوریشن کو خود کفیل بنانے کے لئے انتظامی اور مالی اصلاحات کو مسلسل آگے بڑھایا ہے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ متعدد تجاویز پر کام کیا جا چکا ہے جن میں پی ٹی وی نیٹ ورک کی ڈیجیٹلائزیشن، اینکر پرسنز کی بھرتی اور متحرک مارکیٹنگ سٹریٹجی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے موجودہ مالی سال کے دوران اخراجات پورے کرنے کے لئے 11 ارب روپے دیئے ہیں تاہم بقایا واجبات کو پورا کرنے کے لئے گرانٹ کی فراہمی کے حصول کی کوششیں جاری ہیں۔
پی ٹی وی کے اخراجات پورے کرنے کیلئے اضافی آمدن کی کوششیں جاری۔۔
Facebook Comments
