پی ایف یوجے ورکرز کی 2 روزہ کامیاب ایف ای سی کا انعقاد۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یوجے ) ورکرز کی  دوروزہ کامیاب ایف ای سی میں ملک بھر سے کارکن صحافیوں کی بھرپور شرکت، سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا، عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی اور پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی و قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سردار فتح اللہ خان میانخیل نے پی ایف یو جے ورکرز کی آفیشل ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل کا باضابطہ افتتاح کیا، جن عہدیداروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا ان میں پی ایف یو جے ورکرز کی مرکزی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال، سیکرٹری جنرل ( 3 ماہ کے لئے ) انیس حیدر( کراچی ) ،سینئر نائب صدر ناصر شیخ ( حیدر آباد) ،نائب صدر نیئر سرحدی ،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری فاروق گوندل، سرگودھا فنانس سیکرٹری جاوید ملک ، سنیئر جوائنٹ سیکرٹری ایوب برنی ڈان نیوز اسلام آباد، جوائنٹ سیکرٹری نور احمدجمالی (بلوچستان) سیکرٹری اطلاعات و نشریات عمران چوہدری (اسلام آباد) شامل تھے۔ اس غیر معمولی اجلاس جس میں لگ بھگ دو سو سے زائد مندوبین نے شرکت کی سےخطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاست اور صحافت کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ، ہمیں مل کر تمام اداروں کے استحکام اور آئین کی بالا دستی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا مثبت اور جامع کردار ادا کرنا ہو گا، جب ہم اصولوں پر کاربند رہیں گے تو پھر تمام تر مسائل کا حل ممکن ہو گا، انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو درپیش مسائل کے حل ، آزادی صحافت اور جمہوریت و عدلیہ کی بحالی کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی، انہوں نے پی ایف یو جے ورکرز کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال اور دیگر نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ صحافیوں کو درپیش ان کی الجھنوں کو سلجھانے کیلئے پی ایف یو جے ورکرز کلیدی کردار ادا کرے گی ، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جانے چاہئیں، ممبر قومی اسمبلی و قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سردار فتح اللہ خان میانخیل نے کہا کہ صحافیوں پر لازم ہےکہ وہ سچ کا ڈٹ کر ساتھ دیں ، بے پرکی اڑائی ہوئی افواہوں کو خبر بنانے سے گریز کریں، پارلیمان میں ہم ان شاءاللہ صحافیوں کی آواز بن کر گونجیں گے ، صحافی قلم سے سماجی اور معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کا فریضہ انجام دیتے ہیں، قلم کا تقدس سب سے بلند ہے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے ورکرز کے مرکزی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا کہ ہم ملک بھر کے صحافیوں کو درپیش مسائل حل کرانے میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے ، ہم پر عزم ہیں، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری انتھک جدوجہد جاری رہے گی، ورکنگ جرنلسٹس کا جانی و معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے ، جلد اپنی سفارشات پارلیمنٹ میں جمع کرائیں گے تاکہ اس حوالہ سے باقاعدہ قانون سازی ہو سکے ، ڈاکٹر سعدیہ کمال نے کہا کہ بعض صحافتی تنظیموں کے لیڈرز نے کمیونٹی کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے جس کا خمیازہ ملک بھر میں ورکرز جرنلسٹس کو بھگتنا پڑا ہے ، مختلف مقامات پر بے دردی سے قتل ہونے والے صحافیوں کے خاندانوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، انہیں انصاف پہنچانا تو درکنار ان کی خبر لینے والا تک کوئی نہیں، ہم ایسے صحافیوں اور ان کے یتیم بچوں و بیواؤں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں، انشاء اللہ ہم جرنلسٹس کو ڈیجیٹل میڈیا میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے باقاعدہ تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کریں گے ، انہوں نے پی ایف یو جے ورکرز کے آئین کو لہراتے ہوئے کہا کہ اس آئین کی پاسداری اور بالادستی کا حلف اٹھایا ہے اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا، تقریب میں نظامت کے فرائض آر آئی یوجے کے جنرل سیکرٹری حمید اللہ عابد نے بخوبی انجام دیے ، پی ایف یو جے ورکرز کے نومنتخب نائب صدر نیئر سرحدی نےصحافیوں کی فلاح و بہبود کا عزم دہراتے ہوئے اعلان کیا کہ چغتائی لیب کی آفیسر عاصمہ واسطی تقریب میں موجود ہیں جن کے ساتھ پی ایف یوجے ورکرز کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے ایک ایم او یو سائن کیا ہےجس کےتحت ملک بھر میں ورکرز جرنلسٹس کو ہر لیبارٹری ٹیسٹ میں 25 سے 50 فیصد تک رعایت دی جائے گی جبکہ ڈاکٹر سعدیہ کمال کی قیادت میں پی ایف یو جے ورکرز کا ایک نمائندہ وفد ڈائیوو بس سروس اور فیصل موورز کے بااختیار لوگوں سے مل کر صحافیوں کیلئے اندرون ملک بچاس فیصد بس کرایوں میں رعایت کی سہولت حاصل کرے گا، اجلاس میں ورکرز کے بانی پرویز شوکت اور آر آئی یوجے ورکرز کے صدر مظہر اقبال کی روح کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں