پیکا کے تحت صحافیوں کو ہراساں کیاجارہا ہے، پی یوجے۔۔

 پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن فرخ شہباز وڑائچ کی کینیڈا سے وطن واپسی پر  لاہور ائیرپورٹ پر ایف آئی اے حکام کی طرف سے روکے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی ادارے کی طرف سے صحافی کو ہراساں کرنے کا اقدام قرار دیا ہے اور اسے آزادی صحافت پر حملہ اور صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض سے روکنے کی کوشش کے مترداف قرار دیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر  ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ،خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں فیک نیوز کی آڑ میں سب سے زیادہ آزادی صحافت کا معاملہ خطرات سے دو چار ہے ۔ حکومت نے پیکا کا کالا قانون بنانے سے پیشتر یہ  موقف اپنایا تھا کہ سوشل میڈیا پر بعض شر پسند اور ملک دشمن عناصر ریاست دشمن پراپیگنڈا کرتے ہیں اس لئے انہیں قانون کی گرفت میں لانا ضروری ہے جس پر پیکا کا قانون لایا گیا۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ اس وقت صحافیوں سے کہا گیا کہ یہ قانون صحافیوں کے خلاف  استعمال نہیں ہوگا مگر اب پیکا  کے تحت ہی صحافیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے  ایف آئی اے جیسا ریاستی ادارہ صحافیوں کی خبروں پر  کڑی نظر ہی نہیں رکھتا بلکہ ان کے بیرون ملک آنے جانے پر  بھی انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ نعیم حنیف کا کہنا تھا کہ فرخ شہباز وڑائچ سینئر جرنلسٹ ہیں اور ذمہ دارانہ صحافت کرتے ہیں۔ ان پر فیک نیوز کا کوئی مقدمہ نہیں اور نہ وہ ریاست مخالف کسی پراپیگنڈا مہم میں شریک ہیں مگر پھر بھی انہیں کینیڈا سے وطن واپسی پر ایف آئی اے حکام نے لاہور ائیرپورٹ پر روکا جو کہ صحافیوں کے لئے باعث تشویش ہے ۔ ایف آئی اے کا یہ اقدام صحافیوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے جو قابل مذمت ہے ۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ آزادی صحافت کے معاملہ میں پاکستان پہلے ہی عالمی رینکنگ میں 158 ویں نمبر پر ہے جبکہ اس طرح کے ریاستی اقدامات سے دنیا میں پاکستان کی مزید بدنامی ہوتی ہے ۔پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے سے اس معاملہ کا نوٹس لینے اور فوری طور پر ایف آئی حکام کو صحافیوں کے خلاف ایسی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں