ورکنگ جرنلسٹس فورم کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں ماہِ رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک پروقار دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا، جس میں صحافتی، سماجی اور تجارتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے میزبان فورم کے بانی مرکزی صدر میاں خرم شہزاد اور سندھ کے صدر مزمل شیخ تھے، جنہوں نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اخوت، بھائی چارے اور باہمی احترام کا پیغام دیتا ہے اور اس بابرکت مہینے میں اس طرح کی تقریبات معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ دعوتِ افطار میں سابق رکن صوبائی اسمبلی سندھ اشفاق منگی ، سابق صدر کاٹی سید جوہر علی قندھاری اور جامعہ کلاتھ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ محمد ارشاد ، این ٹی این کے ڈائریکٹر نیوز ضمیر علی ڈیتھو ، معروف نیوز اینکر ساجد حسین اور ذوالفقار احمد شیخ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ صحافتی برادری، کاروباری حلقوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تقریب کے دوران شرکاء نے روزہ افطار کیا اور باہمی ملاقاتوں کے ذریعے ایک دوسرے سے خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر مہمانوں نے صحافتی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے کی مثبت تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ معزز مہمانوں نے “ورکنگ جرنلسٹس فورم” کی جانب سے اس خوبصورت اور باوقار تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف صحافیوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کے درمیان روابط مستحکم ہوتے ہیں بلکہ باہمی ہم آہنگی اور اتحاد کو بھی فروغ ملتا ہے۔ آخر میں فورم کے مرکزی صدر میاں خرم شہزاد نے تمام مہمانوں کی شرکت پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “ورکنگ جرنلسٹس فورم” آئندہ بھی صحافتی برادری کی فلاح و بہبود، اتحاد اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ورکنگ جرنلسٹس فورم کی جانب سے پروقار دعوتِ افطار۔۔
Facebook Comments
