کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری ،سیکرٹری ریحان خان چشتی اور مجلس عاملہ نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے متعدد اداروں کی جانب سے اپنے ملازمین کو عیدالفطر کے موقع پر بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔منگل کو جاری بیان میں کے یو جے دستور کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت امر ہے کہ صحافتی اداروں میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو عید جیسے اہم مذہبی تہوار کے موقع پر بھی ان کی واجب الادا تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں ، جس کے باعث صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو اپنے اہل خانہ سمیت شدید مالی مشکلات اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ٹی وی میں گزشتہ تین ماہ سے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی، جبکہ ایک نیوز، اے آر وائی نیوز،اے جی این نیوزاور روزنامہ امت میں بھی تاحال تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جو نہ صرف تشویشناک بلکہ قابل افسوس صورتحال ہے۔صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری نے کہا کہ میڈیا اداروں کے مالکان اور انتظامیہ کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ صحافی اور میڈیا کارکنان ہی اداروں کی اصل طاقت ہیں۔ اگر انہیں بروقت تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جائے گی تو اس سے نہ صرف ملازمین بلکہ خود اداروں کی ساکھ بھی متاثر ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام میڈیا ادارے فوری طور پر عید سے قبل اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ وہ بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔سیکرٹری کے یو جے دستور ریحان خان چشتی نے کہا کہ میڈیا اداروں کی انتظامیہ کو ملازمین کے حقوق کا خیال رکھنا چاہیے اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا چاہیے کیونکہ یہی کارکنان اداروں کی ترقی اور کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔کے یو جے دستور کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر ادا نہ کی گئیں تو کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج سمیت آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوگی۔
