سینیئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا ہے کہ سنگین اور پیچیدہ معاشرتی مسائل پر ڈرامے بنانے کی سخت ضرورت ہے اور یہ کہ میڈیا اور ٹیلی وژن کا یہی کام ہے کہ وہ سماجی مسائل دکھائے۔روبینہ اشرف نے حال ہی میں سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی۔پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ بچوں کی پرورش کرنا صرف والدین کا کام نہیں اور یہ کہ والدین اپنی ذمہ داری کسی حد تک ادا کر رہے ہیں لیکن اس باوجود بچے بے راہ روی کا شکار بن جاتے ہیں۔ان کے مطابق آج کل دنیا تبدیل ہو چکے ہیں، اب ہر چیز ایک ٹچ اسکرین تک محدود ہوگئی ہے، اس لیے بچوں کی پرورش پہلے کے مقابلے زیادہ پیچیدہ کام ہوچکی ہے اور بچوں کی پرورش میں سماج کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس طرح والدین اور اساتذہ بچوں کو سکھاتے ہیں، اسی طرح معاشرہ بھی ان کی تربیت کرتا ہے اور بچے سماج سے بھی اثر لیتے ہیں، وہ جو دیکھتے ہیں، اسے اپناتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں سینئر اداکارہ نے کہا کہ اگر سماج معاشرتی مسائل پر ڈرامے دیکھنے کے لیے تیار نہیں ہے تو سماج کو تیار کرنا پڑے گا۔ان کے مطابق انہوں نے اپنے چالیس سالہ کیریئر کے دوران ایسے اچھوتے موضوعات پر بنے ڈراموں میں بھی کام کیا، جن موضوعات کو معیوب سمجھا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہر موضوع پر ڈرامے بنائے جا سکتے ہیں، صرف مسائل کو پیش کرنے اور بیان کرنے کا ہنر آنا چاہیے۔ روبینہ اشرف کا مزید کہنا تھا کہ سنگین اور پیچیدہ معاشرتی مسائل پر ڈرامے بنانے ہوں گے، کیوں کہ میڈیا اور ٹیلی وژن کا کام شعور اجاگر کرنا اور تفریح فراہم کرنا ہے۔ان کے مطابق ٹیلی وژن کا کام صرف تفریح فراہم کرنا نہیں ہوتا بلکہ بہت سارے مسائل پر شعور اجاگر کرنا اور تعلیم دینا بھی ہوتا ہے۔
معاشرتی ڈراموں کی سخت ضرورت ہے، سینئر اداکارہ روبینہ اشرف۔۔۔
Facebook Comments
