لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی ہدایت پر قائم مقام صدر افضال طالب نے صحافی کالونی فیز ٹو کے حصول کیلئے روڈاکے سی ای او عمران امین سے ملاقات کی ۔سی ای او روڈا عمران امین نے بتایا کہ فیزٹو کی تکمیل کے لئے تیزی سے کام جاری ہے ۔ انھوں نے فوری طور پر روڈاکے سٹیٹ اور لاءڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ روڈا ، پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور لاہورپریس کلب کے مابین ہونے والے معاہدے کوعملی شکل دینے کے لئے فوری ڈرافٹ تیار کریں تاکہ صحافیوں سے ڈویلپمنٹ چارجزوصول کئے جاسکیں اورپلاٹوں کی الاٹمنٹ اور نقشہ جات کا مرحلہ مکمل ہوسکے۔ قائم مقام صدر افضال طالب نے کہاکہ چندروز کے بعد صدر ارشد انصاری بھی وطن واپس آجائیں گے اور معاہدے پر دستخط کریں گے۔صدر ارشد انصاری اور قائم مقام صدر افضال طالب نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراطلاعات عظمی بخاری کا شکریہ اداکیا جن کی ذاتی دلچسپی سے صحافیوں کی چھت کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچنے کے قریب تر ہے۔
