ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس مرکزی صدر سید شفقت حسین گیلانی زیر صدارت ہوا ، جس میں تمام مرکزی اور صوبائی عہدیداران اور ممبران سی ای سی نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ علاقائی صحافیوں کو درپیش مسائل کے پیش نظر آر یو جے پاکستان 5 نومبر کو پشاور سے کراچی تک ٹرین مارچ کرے گی۔ علاقائی صحافیوں کا قافلہ 5 نومبر کو پشاور سے راولپنڈی تک آئے گا، 6نومبر کو راولپنڈی سے لاہور تک، 10نومبر کو لاہور سے ملتان تک، 11نومبر کو ملتان سے رحیم یار خان تک، 12 نومبر کو رحیم یار خان سے نوابشاہ تک اور 13 نومبر کو نوابشاہ سے کراچی تک جائے گا۔ ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان نے ٹرین مارچ کے لئے 10 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ جاری کر دیا ہے۔ مرکزی صدر سید شفقت حسین گیلانی کا کہنا ہے مسائل سے نکلنے کے لئے جدوجہد ہی واحد راستہ ہے، ٹرین مارچ علاقائی صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے کیا جا رہا ہے۔ 75 سالوں میں علاقائی صحافیوں نے اپنے حقوق کے لئے کبھی کوئی منظم تحریک نہیں چلائی ، جس وجہ سے علاقائی صحافی آج مسائل میں دھنس چکے ہیں۔ انشااللہ مسائل سے نجات کے لئے آر یو جے پاکستان نے تحریک کا آغاز کردیا ہے۔ اپنی بقا اور وقار کے لئے ملک بھر کے علاقائی صحافی آر یو جے پاکستان کی اس تحریک کا حصہ بنیں تاکہ حکومت کو بتایا جا سکے کہ علاقائی صحافی اپنا الگ وجود رکھتےہیں۔
