صحافیوں کے خلاف جرائم میں استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (ایس پی آر اے) کے عہدیداران صدر کامران رضی، جنرل سیکرٹری اکرم بلوچ، نائب صدر حمید سومرو، جوانئٹ سیکریٹری ارباب چانڈیو، سیکریٹری اطلاعات دودو چانڈیو، خزانچی وکیل راؤ اور آفیس سیکریٹری سنجے سادھوانی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزاد، محفوظ اور بااعتماد صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ اس دن کا مقصد صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے دباؤ، تشدد اور دباؤ کے واقعات کی روک تھام اور ان کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ ایس پی آر اے عہدیداران نے کہا کہ سندھ وہ پہلا صوبہ ہے جہاں صحافیوں کے تحفظ کے لیے جامع قانون نافذ کیا گیا جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کو چاہیے کہ اس قانون پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ صحافی بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف حملے دراصل معاشرتی ضمیر پر حملے کے مترادف ہیں۔ آزادیِ اظہار پر قدغن کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ایس پی آر اے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل دور میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے نئی قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ آن لائن ہراسانی، نفرت انگیز مہمات اور کردار کشی جیسے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت، میڈیا ادارے اور سول سوسائٹی کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانی ہوگی تاکہ آزادیِ صحافت اور صحافیوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایس پی آر اے ہر اُس کوشش کی حمایت کرے گی جو صحافیوں کے حقوق، آزادی اور پیشہ ورانہ سلامتی کے لیے کی جائے، کیونکہ آزاد میڈیا کے بغیر جمہوریت کا تصور ادھورا ہے۔
