پی ایف یو جے کے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا پر قدغنیں لگانا بند کرے کیونکہ جمہوریت کی مضبوطی عدلیہ کی مکمل آزادی اور آزادیٔ اظہار رائے پر منحصر ہے۔ موجودہ حالات میں جس انداز سے میڈیا کا گلا گھونٹا جا رہا ہے، اس سے ملک بھر کے صحافیوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ صحافیوں کو اس بات پر مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اسلام آباد کا رخ کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں۔وہ پنوعاقل پریس کلب میں پنوعاقل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ لالہ اسد پٹھان کا کہنا تھا کہ میڈیا حکمرانوں کے لیے آئینہ ہے، جیسا چہرہ ہوگا ویسا ہی نظر آئے گا، اس آئینے کو مسخ کرنے کے بجائے اداروں کو مزید مضبوط کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عدلیہ کی آزادی کے لیے وکلا کے شانہ بشانہ صحافیوں نے بھرپور احتجاجی تحریک میں حصہ لیا، تاہم اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جوڈیشل ایکٹوازم کے ذریعے عدلیہ کی آزادی کو متاثر کیا۔ اب وکلا کو چاہیے کہ وہ سوچ سمجھ کر قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے کردار ادا کریں، صحافی ان کے ساتھ ہوں گے۔لالہ اسد پٹھان نے مزید بتایا کہ 10 جنوری کو سکھر پریس کلب میں سکھر یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ریجنل کنونشن منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قانون، ریگولیشن، اخلاقیات اور صحافتی ایتھکس پر غور و خوض ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں صحافتی ادارے مضبوط ہوں تاکہ کسی کو عوام کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہ ملے اور عوامی مسائل میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں اجاگر ہو سکیں۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے وکیل اور سکھر ہائی کورٹ بار کے صدر قربان ملانو کا کہنا تھا کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حقوق کے لیے جہاں بھی ضرورت پڑی وکلا بھرپور احتجاج کے لیے تیار ہیں۔ وکلا چاہتے ہیں کہ صحافتی ادارے آزاد ہوں اور ہر شہری کو آزادیٔ اظہار رائے حاصل ہو، اس سلسلے میں وکلا صحافیوں کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔تقریب سے سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر جاوید جتوئی، سکھر پریس کلب کے صدر خالد بھابھن، سینئر قانوندان علی گل عباسی، امداد بوزدار، عبداللہ چاچڑ، عبداش ڈیہو،عبدالرحمان چاچڑ،منیر ڈیہو اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سکھر یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری کامران شیخ، سکھر پریس کلب کے جنرل سیکریٹری احقر رضوی، سیفما سکھر کے صدر حمید کمبوہ، ایس یو جے کے خازن شہزاد تابانی، خیرپور یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری نوید کھوڑو، گھوٹکی پریس کلب کے صدر مسرت مہر، گھوٹکی یونین آف جرنلسٹس کے صدر عامر چنہ میر حسن منگی، حافظ خدا بخش انڈہڑ، و دیگر سینکڑوں صحافیوں نے شرکت کی مقررین نے صحافیوں کو درپیش مسائل، پروفیشنل جرنلزم کے چیلنجز اور نوجوان صحافیوں کی تربیت و رہنمائی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
