صحافیوں پر تشدد،مقدمات ایک منظم سازش ہے، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی۔۔

پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی لاہور کے چھ کرائم رپورٹرز کے خلاف لاہور کے تھانہ ڈیفنس (سی) میں پیکا ایکٹ کے تحت دی جانے والی درخواستوں اورشاہدرہ میں تین صحافیوں پر تشدد اور مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتی ہے۔ پریس گیلری کمیٹی کے صدر خواجہ نصیر اور سیکرٹری جنرل عدنان شیخ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرائم رپورٹرز کے خلاف مقدمے کا اندراج، تشدد اور مزید مقدمات کے اندراج کیلئے دی جانے والی درخواستیں سوچی سمجھی سازش ہیں جن کا مقصد آزادی صحافت اور اظہار رائے پر کڑی ضرب لگانا ہے۔ پریس گیلری کمیٹی سمجھتی ہے کہ موجودہ حالات میں صحافیوں کے پر تشدد، مقدمات کا اندراج اور پیکا ایکٹ کے تحت درخواستیں ایک ایسی منظم سازش ہے جس کے تحت صحافیوں کو حکومت کے ساتھ لڑانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پریس گیلری کمیٹی اس ماحول میں پولیس کے ہاتھوں زیر عتاب آنے والے صحافیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ایسے ہتھکنڈوں کی ہر سطح پر مذمت کرتی ہے۔ پریس گیلری کمیٹی بروز پیر مورخہ 15 ستمبر کو لاہور پریس کلب میں صحافتی تنظیموں کے اجلاس میں نہ صرف بھرپور طریقے سے شرکت کرے گی بلکہ صحافیوں کے خلاف درج بالا اقدامات کے خلاف صحافی تنظیموں کے تمام فیصلوں بشمول پنجاب اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ  کی مکمل حمایت بھی کرے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں