اداکارہ و ٹی وی میزبان صنم جنگ نے بتایا کہ وہ صابن کے اشتہار میں کندھے دکھانا پسند نہیں کرتیں، اسی لیے بڑے برانڈ کی آفر بھی ٹھکرادی تھی۔صنم جنگ نے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کے دوران مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔صنم جنگ نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے انڈسٹری میں کام شروع کیا تھا تو وہ کبھی کسی صابن کے اشتہار میں نظر نہیں آئیں۔انہوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ صابن کے زیادہ تر اشتہارات میں کندھے دکھائے جاتے ہیں، حالانکہ سیٹ اپ ایسا ہوتا ہے کہ بظاہر اداکار نہا نہیں رہا ہوتا، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ نہا رہا ہے اور یہ انہیں ذاتی طور پر پسند نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک مشہور برانڈ نے انہیں پہلی مرتبہ اشتہار کی پیشکش کی تو انہوں نے اپنی منیجر کو بتایا کہ انہیں یہ مناسب نہیں لگتا، اس پر منیجر نے کہا کہ اگر وہ ہر چیز کو منع کرتی رہیں گی تو آگے نہیں بڑھ سکیں گی۔تاہم، صنم جنگ کے مطابق ہر انسان کے اپنے اصول و اقدار ہوتے ہیں اور انہیں ان پر قائم رہنا چاہیے، وہ آج بھی اسی اصول پر عمل کرتی ہیں اور صرف وہی کام کرتی ہیں جو انہیں درست لگتا ہے۔
