ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ اگرچہ اب شوبز انڈسٹری میں ماضی کے مقابلے بہتری آچکی ہے لیکن اس کے باوجود تاحال سانولی رنگت کی لڑکیوں کو آج بھی منفی کردار دیے جاتے ہیں۔آمنہ الیاس عام طور پر ڈراموں اور فلموں میں بولڈ اور مضبوط کردار ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں جبکہ وہ شوبز میں رنگت اور خوبصورتی کے معیارات پر بھی کھل کر بات کرتی آئی ہیں۔اداکارہ ماضی میں متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ شوبز انڈسٹری میں آج بھی خواتین کے ساتھ رنگت اور خوبصورتی کے معاملے پر تفریق روا رکھی جاتی ہے اور گوری رنگت والی اداکاراؤں کو ترجیح دی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ جان بوجھ کر شوبز انڈسٹری سے وقفہ نہیں لیتیں بلکہ حالات اس طرح کے ہوجاتے ہیں کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ انہوں نے وقفہ لے لیا۔آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ کچھ سال قبل تک ان کی توجہ صرف ماڈلنگ پر تھی، اس لیے وہ ڈراموں میں کم دکھائی دیتی تھیں، پھر جب انہیں ڈراموں کی زیادہ پیش کش ہونے لگی تو انہوں نے ماڈلنگ پر توجہ دینا چھوڑ دی۔