ملتان میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے نظام میں سنگین نوعیت کی غفلت سامنے آئی ہے، جہاں ایک شہری محمد اصغر سانول شیخ کو جاری کیے گئے ڈرائیونگ لائسنس پر ان کی اصل تصویر کی بجائے ایک خاتون کی تصویر چھاپ دی گئی۔تفصیلات کے مطابق محمد اصغر سانول شیخ، جو کہ ایک سینئر صحافی اور کراچی پریس کلب کے ممبر ہیں، نے ملتان میں ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دی اور تمام لازمی مراحل مکمل کیے۔ انہیں لائسنس نمبر MN-25-115764 جاری کیا گیا، تاہم لائسنس کارڈ موصول ہونے پر انہوں نے دیکھا کہ اس پر ان کی تصویر کی جگہ ایک خاتون کی تصویر موجود ہے۔متاثرہ شہری کے مطابق ای-لائسنس (ڈیجیٹل ریکارڈ) میں ان کی درست تصویر موجود ہے، جبکہ صرف پرنٹ شدہ کارڈ پر غلط تصویر لگائی گئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تو مبینہ طور پر انہیں لائسنس درست کروانے کے لیے اضافی فیس کی ادائیگی کا کہا گیا، جس پر انہوں نے اعتراض اٹھایا۔محمد اصغر سانول شیخ نے صوبائی اور ضلعی ٹریفک حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غلطی کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور لائسنس کی درستگی بغیر اضافی چارجز کے کی جائے۔ واقعے کے بعد شہری حلقوں میں لائسنس جاری کرنے کے نظام کی شفافیت اور نگرانی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
