سینئر اسپورٹس جرنلسٹس کو نظراندازکیاجارہا ہے، پی یوجے۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کے ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا میں سینئر سپورٹس جرنلسٹس کو نظر انداز کرنے اور انہیں انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے بی سی پی کے چیئرمین محسن نقوی اور سپورٹس ہیڈ عامر میر سے اس معاملہ کا نوٹس لینے اور سینئر صحافیوں ثنا اللہ ، قیصر چوہان اور قادر خواجہ کو فوری طور ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ،خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے پی سی بی حکام کو کرکٹ میں بہتری کے اقدامات کے ساتھ میڈیا سیل کے معاملات میں بہتری کے لئے فوکس کرنا ہوگا۔ بدقسمتی سے گزشتہ کچھ عرصہ سے سینئر سپورٹس رپورٹرز کو اس بنا پر ٹارگٹ کیا گیا کہ انہوں نے کرکٹ ٹیم کی عالمی سطح پر ناکامیوں کے حوالے سے تنقیدی خبریں دیں اور تجزیے دیئے ۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف نے کہا کہ اس معاملہ میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی فوری مداخلت کریں اور سینئر سپورٹس جرنلسٹ قیصر چوہان ، ثنا اللہ اور قادر خواجہ کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کیے جائیں ۔ان کا کہنا تھا کہ تینوں سپورٹس جرنلسٹس سینئر ہیں اور ان کا تعلق بھی ریگولر میڈیا سے ہے جس میں قیصر چوہان روزنامہ امت کراچی کے لاہور بیورو میں رپورٹر ہیں جبکہ قادر خواجہ سماء ٹی وی لاہور اور ثنا اللہ پاک ٹی وی سے منسلک ہیں ۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے پی سی بی کے میڈیا سیل کے ہیڈ عامر میر سے مطالبہ کیا وہ چونکہ خود میڈیا سے منسلک رہے ہیں اور صحافیوں کے مسائل اور ایشوز سمجھتے ہیں اس لئے وہ فوری طور پر اس معاملہ کا نوٹس لیں اور تینوں سینئر سپورٹس جرنلسٹ کو ایگرڈیشن کارڈ جاری کریں ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں