کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی ناک تلے ممبران کی سیاسی جماعتوں سے وابستگیاں کھل کر سامنے آنے لگیں۔ کوئٹہ پریس اور بی یوجے ممبران کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے سرگرم ممبر سنو نیوز کے کیمرہ مین پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے جارہے ہیں جس پر کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کوئی ایکشن لینے سے قاصر نظر آرہے ہیں۔المیہ یہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات لڑنے والے پریس کلب کے ممبر نے کھلم کھلا اپنے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پر اپنا پوسٹربھی لگا دیا ،لیکن پھر بھی سیاست میں حصہ لینے والے اس ممبر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔ممبران کے مطابق کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹ کے آئین میں واضع طور پر کسی بھی ممبر کے سیاسی جماعت سے وابستگی کی صورت میں ممبر شپ کینسل کرنے کے احکامات درج ہیں پریس کلب کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی صورت میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے پی ایف یو جے سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں،اور بلوچستان یونین آف جرنلٹس، کوئٹہ پریس کلب کے ذمہ داران کو سخت ایکشن لینے کی ہدایت جاری کریں۔
