سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کے معاملے میں گرفتار یوٹیوبر سہراب برکت کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے کی۔سماعت کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملزم کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے تفتیشی ادارے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سہراب برکت کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔عدالت میں این سی سی آئی اے کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم سے مزید تفتیش درکار ہے اور ڈیجیٹل شواہد کی ریکوری کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔ دوسری جانب، دفاع نے مؤقف اپنایا کہ تفتیش کے لیے درکار وقت پہلے ہی دیا جا چکا ہے اور مزید جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد این سی سی آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔واضح رہے کہ سہراب برکت کے خلاف این سی سی آئی اے نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ریاست مخالف مواد شیئر کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ کیس کی مزید سماعت بعد کی تاریخ پر متوقع ہے۔
