موسم کی غیرمصدقہ پیشگوئیاں غیر قانونی قرار دیدی گئیں، وزارت دفاع نے اہم اعلامیہ جاری کردیا، محکمہ موسمیات کو واحد قومی اتھارٹی قرار دیا گیا ہے۔وزارت دفاع نے موسم کی غیر مصدقہ پیشگوئیاں غیر قانونی قرار دیدیں، اہم اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات واحد قومی اتھارٹی ہے، اس کے علاوہ کوئی ادارہ موسم کی وارننگ جاری نہیں کرسکتا۔اعلامیے کے مطابق خلاف ورزی پر وزارت اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر موسم کی پیشگوئیاں کرنیوالے 80 سے زائد پیجز کی نشاندہی کی گئی ہے، موسم سے متعلق پیشگوئی کرنیوالے نجی ذرائع ناقابل اعتبار قرار دیئے گئے ہیں، نجی موسمیاتی ویب سائٹس اور یوٹیوبرز کیخلاف کارروائی متوقع ہے۔اطلاعات کے مطابق وزارت دفاع نے ایک خط میں موسم سے متعلق 80 پرائیویٹ گروپس، ولاگرز اور یوٹیوبرز جن میں ویدر والے، پاکستان ڈاپلر، ویدر اپ ڈیٹس پی کے وغیرہ کو عوام کو گمراہ کرنے اور سنسنی پھیلانے سے روکنے کا حکم دیا ہے اور وزارت اطلاعات و نشریات اور منسٹری آف کمیونی کیشن کو احکامات جاری کئے ہیں۔خط میں کہاگیا ہے کہ صرف وفاقی محکمہ موسمیات کو موسم سے متعلق فورکاسٹ، الرٹ یا وارننگ اشِو کرنے کا اختیار ہے، واضح رہے کہ موسم کے نام پر پرائیویٹ ولاگرز یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا گروپس دراصل ورلڈ میٹیورولوجیکل آرگنائزیشن کے اسٹینڈرڈز اور ہدایات کی بھی کھلی خلاف ورزی کررہے ہیں، دنیا کے کسی ملک میں پرائیویٹ شخص یا ادارے کو کاپی پیسٹ کے ذریعے موسم کے بارے میں افواہیں پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
