وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ریاستی رٹ اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کیلئے غیرمعمولی فیصلے کئے گئے۔صوبے میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کا نفاذ لازمی اور مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ہر ضلع میں وِسل بلور سیل بھی قائم کیا جائیگا،انتہا پسند جماعت اور غیر قانونی مقیم شہریوں کیخلاف ہیلپ لائن 15 میں خصوصی سیل قائم ہوگا،پنجاب کے عوام انتہا پسند جماعت اور غیرقانونی تارکین وطن کی اطلاع کیلئے15 پر کال کریں۔حکومت نے صوبے کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے کیلئےاقدامات تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے،پنجاب میں ڈالا کلچر ،بدمعاشی اور مافیا کلچر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انتہا پسند جتھوں کے اشتہارات، تصاویر اور پلے کارڈز پر سخت پابندی اور کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا،ضلعی انتظامیہ روزانہ غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کومبنگ آپریشن رپورٹس اپ ڈیٹ کریں گی۔عوام غیرقانونی رہائشیوں کو دکان یا مکان کرائے پر نہ دیں ورنہ کارروائی ہوگی،سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہونگے۔پنجاب میں سوشل میڈیا پر شرانگیزی و نفرت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی،غیرقانونی اجتماعات یا بازار بند کرانے والوں پر دہشتگردی قوانین لاگو ہوں گے۔
