سرکاری اشتہارات کی ادائیگیاں شفاف بنانے کی ہدایت۔۔

سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹ آف ایڈورٹائزمنٹ کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری اشتہارات کی ادائیگیوں کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات نے تمام میڈیا اداروں جن میں اخبارات، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز شامل ہیں کو اشتہارات کی مد میں بروقت اور شفاف ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام ادائیگیاں حکومتی اشتہاری پالیسی کے تحت مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا خاتمہ ممکن ہو اور حکومت و میڈیا کے مابین پیشہ ورانہ اور اعتماد پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معیزالدین پیرزادہ، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو، ڈپٹی ڈائریکٹرز سارنگ لطیف چانڈیو، ظفراللہ ملاح اور اطلاعات افسر لیاقت جمالی نے شرکت کی۔افسران نے اجلاس کے دوران واجب الادا رقوم، موجودہ ادائیگیوں کی صورتحال اور انتظامی چیلنجز پر بریفنگ دی۔ سیکریٹری اطلاعات نے ہدایت دی کہ میڈیا اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اشتہارات سے متعلق ادائیگیوں کے نظام کو مزید فعال، مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔ ادائیگیوں میں کسی قسم کی تاخیر یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں