رمضان ٹرانسمیشن کے دوران کالر نے مولانا صاحب سے عاقب جاوید کو پی سی بی میں عہدے سے ہٹانے کا وظیفہ پوچھ لیا۔نجی ٹی وی چینل ایکسپریس کی رمضان ٹرانسمیشن میں میزبان جویریہ سعود نے کالر کو لائن پر لیا تو گلگت سے کالر سلیم اللہ نے کہا کہ میں کرکٹ کا بڑا شوقین ہوں،آج کل ہماری ٹیم کے جو حالات چل رہے ہیں،ہمارے چیف سلیکٹر عاقب جاوید ان کو ہٹانے کیلئے کوئی وظیفہ بتا دیں تاکہ اگرمیں وہ وظیفہ کروں تو عاقب جاوید اپنے عہدے سے ہٹ جائیں،کیونکہ انہوں نے کرکٹ کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔رمضان نشریات کے مہمان مولانا صاحب نے سوال کیا کہ عاقب جاوید کون ہیں؟اس پر میزبان جویریہ سعود نے کہاکہ وہ ٹیم میں چیف سلیکٹر ہیں ،وہ اتنی غلط ٹیم سلیکٹ کرکے بھیجتے ہیں کہ وہ بیچارے بے عزت ہی ہوتے رہتے ہیں،جویریہ سعود نے مولانا صاحب سے کہاکہ آپ نے بابراعظم کو بھی ہٹوایا تھا ناں،وظیفہ بتا کے،عاقب جاوید کو بھی نکلوانے کا کوئی وظیفہ بتا دیں،اس پر مولانا صاحب نے کہاکہ بہت سی چیزوں کا تعلق وظائف سے نہیں ہوتا، فرائض کے چھوٹنے سے جو عذاب آتے ہیں وہ وظائف کے پڑھنے سے دور تھوڑی ہوتے ہیں،یہ عاقب جاوید کا فرض ہے کہ صحیح سلیکشن کریں ۔جویریہ سعود نے مولانا سے کہاکہ آپ عاقب جاوید کو ہٹانے کا وظیفہ نہ بتائیں لیکن ایسا وظیفہ بتادیں کہ اس عہدے پر کوئی ایسا بندہ آ جائے جو حقدار ہواور انصاف کرے۔ مولانا صاحب نے کہا کہ اہل شخص کیلئے آپ ضرور وظیفہ کریں کہ اللہ تعالیٰ کسی بھی منصب پر کسی اہل شخص کو فائز فرمائے،اس کا آپ وظیفہ کر سکتے ہیں۔مولانا صاحب نے اہل شخص کیلئے وظیفہ بتاتے ہوئے کہاکہ آپ یہ دعا کریں اللہ تعالیٰ خیر فرمائے گا۔
