وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، محکموں اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں بالخصوص پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر غیر قانونی طور پر کام کرنے والی سروگیٹ کمپنیوں کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ یا تعاون نہ کریں ۔ وزارت اطلاعات ونشریات کی طر ف سے مختلف محکموں اور اداروں کو جاری کئے گئے مکتوب میں کہا گیا کہ بعض سروگیٹ کمپنیاں غیرقانونی طورپرکئی میڈیا آوٹ لیٹس اورسپورٹس انٹرپرائزز کیساتھ اسپانسرشپ اوراشتہارات کے معاہدوں میں مصروف ہیں۔ مکتوب کے مطابق جو کمپنیاں سٹے میں مصروف عمل ہیں ان میں دافا نیوز، ون ایکس بیٹ، ایم سی ڈبلیواسپورٹس، وولف 777 نیوز، بی جے اسپورٹس اورمیل بیٹ شامل ہیں۔اس تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا گیا کہ وہ پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز اورکرکٹ سے متعلق تنظیموں کواس قسم کے تمام معاہدوں اور کاروبار فوری طورپربند کرنے کے احکامات جاری کرے۔قبل ازیں 25 ستمبرکو وزارت اطلاعات نے ایک بیان میں تمام شراکت داروں کو سروگیٹ کمپنیوں کے ساتھ کاروبار سے اجتناب اورایسی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کوفوری طورپرختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ یہ بات نوٹ کی گئی ہے بعض ادارے معمولی تبدیل و ترمیم شدہ نام کے ساتھ پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہوئی ہیں ، اس کو عمل سروگیسی کہا جاتا ہے اوراس طرح کی فرم کوبنیادی کاروباری ادارے کا سروگیٹ کہاجاتاہے۔ ایسی فرمز میڈیا اورسپورٹس انٹرپرائزز کے کئی اداروں کے ساتھ سپانسرشپ اوراشتہارات کے معاہدوں میں ملوث ہیں۔ وزارت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) سے سروگیٹ کمپنیوں کے غیرقانونی سٹے والی ایپلی کیشنز وویب سائیٹ اوران کمپنیوں کے لوگوز ڈسپلے کرنے والی سوشل میڈیا ہینڈلز کوبلاک کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔