لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈ ی نے جنگ گروپ سے صحافی کارکنان کی برطرفیوں اور روزنامہ آواز کی بندش کرتے ہوئے تمام سٹاف فارغ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور جنگ آافس سے 129 صحافیوں اور دیگر ملازمین کو اچانک نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ ملتان جنگ آفس سے بھی 8 صحافیوں اور دیگر ملازمین کو فوری برطرف کر دیا گیا ہے۔ گورننگ باڈی کی جانب سے ایک اہم صحافتی ادارے کی جانب سے صحافیوں کے معاشی قتل کی پرزور مذمت کی گئی ہے اور اسے ظالمانہ اور بے رحمانہ عمل قرار دیا ہے۔ لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی مطالبہ کرتی ہے کہ میڈیا انڈسٹری میں معاشی بحران کا تاثر دے کر صحافیوں کا استحصال کسی صورت قابل قبول نہیں ۔صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ جنگ انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ورنہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بے روزگار کرنے پر لاہور پریس کلب، پی ایف یو جے، پی یو جے اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے مشترکہ پلیٹ سے احتجاج کیا جائے گا۔
