پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے کراچی کے سینئر صحافی اور ممبر کے یو جے سید محمد اسلم شاہ کی پیکا کے تحت گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ،سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی ،نائب صدر ندیم زعیم ، جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ،خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسلم شاہ کو واٹر بورڈ کے افسر کی جانب سے تحریری شکایت پر این سی سی آئی اے نے کراچی میں گرفتار کیااور عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔پی یوجے اس اقدام کی سخت مذمت کرتی ہے اور اسے صحافتی آزادی اور اظہارِ رائے کے بنیادی آئینی حق کے منافی قرار دیتی ہے۔ صدر پی یوجے نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے خلاف اس نوعیت کی گرفتاریوں اور دباؤ کی پالیسی نہ صرف صحافتی آزادی کو محدود کرنے کی کوشش ہے بلکہ یہ جمہوری معاشرے میں آزاد میڈیا کے کردار کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ اختلافی رائے یا تنقیدی رپورٹنگ جرم نہیں۔ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کریں، نہ کہ انہیں ہراساں کیا جائے۔پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ سید محمد اسلم شاہ کی گرفتاری کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔انہیں فی الفور رہا کیا جائے یا کم از کم ان کے قانونی اور آئینی حقوق کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔پیکا ایکٹ سمیت ایسے تمام کالے قوانین پر نظرِ ثانی کی جائے جنہیں آزادیِ صحافت سلب کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
