اجے دیوگن مجھے کاپی کرتا ہے، سینئراداکار توقیر ناصر۔۔

سینئر اداکار توقیر ناصر نے کہا ہے کہ کئی لوگوں نے انہیں بتایا ہے کہ بولی وڈ اداکار اجے دیوگن اپنے انٹرویوز میں یہ کہتے ہیں کہ وہ ان کی اداکاری سے متاثر ہیں۔ آر این این انٹرٹینمنٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بولی وڈ اداکار اجے دیوگن کے اداکاری کے انداز کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ کئی لوگوں نے انہیں بتایا کہ اجے دیوگن نے اپنے انٹرویوز میں کہا ہے کہ وہ توقیر ناصر کی اداکاری سے متاثر ہیں۔انہوں نے اس بات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑی بات ہے کیونکہ یہاں لوگ شاذ و نادر ہی کسی کی شخصیت کا اعتراف کرتے ہیں اور یہ ان کی عظمت ہے کہ اجے دیوگن نے ان کا نام لیا۔توقیر ناصر کے مطابق ایک اداکار کے لیے کسی کی متاثر کن شخصیت کو تسلیم کرنا شاندار بات ہے، جیسے وہ خود وحید مراد سے متاثر ہیں۔اداکار نے کہا کہ انہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے نیا ٹرینڈ قائم کیا۔ان کے مطابق عام طور پر غریب انسان کا لب و لہجہ دبا ہوا ہوتا ہے، لیکن انہوں نے یہ دکھایا کہ غریب آدمی کے لب و لہجے میں بھی جارحیت ہو سکتی ہے، جب کہ امیر آدمی میں یہ فطری طور پر موجود ہوتی ہے۔توقیر ناصر نے مزید کہا کہ جب لوگوں نے انہیں بتایا کہ اجے دیوگن ان سے متاثر ہیں، تو انہوں نے ان کی چند فلمیں دیکھی، جن میں اوم کارا بھی شامل ہے اور انہیں واقعی میں کچھ مماثلت نظر آئی، خاص طور پر اس انداز میں کہ وہ جذبات کو آنکھوں کے ذریعے بیان کرتے ہیں، بالکل جیسے وہ خود کرتے ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں