آفتاب اقبال  کا خاتون اینکر کو قانونی نوٹس جاری۔۔

ایکسپریس چینل کی خاتون اینکر کی جانب سے معروف اینکرپرسن آفتاب اقبال پر جنسی ہراسانی کے الزامات پر آفتاب اقبال نے خاتون اینکر اور پوڈ کاسٹ کے میزبان کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔۔پوڈکاسٹ میں ٹی وی میزبان ایشال عدنان نے انکشاف کیا تھا کہ  ماضی میں غلط پیش کش قبول نہ کرنے اور صاف جواب دینے پر معروف میزبان و کالم نگار آفتاب اقبال نے انہیں تیسرے ہی دن ٹی وی شو سے نکال دیا تھا۔ انہوں نے کیریئر کے آغاز کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں معروف میزبان آفتاب اقبال نے نہ صرف جنسی طور پر ہراساں کیا بلکہ انہیں شو سے ہی نکال دیا۔ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب آفتاب اقبال ایکسپریس ٹی وی پر پروگرام کرتے تھے، اس وقت انہیں ٹی وی چینل نے بطور شریک میزبان ملازمت پر رکھا اور ان کے بینرز اور ٹیزر بھی ریلیز کیے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ان سے قبل کسی اور لڑکی کو شریک میزبان کے طور پر رکھا جانا تھا لیکن ان کے نہ آنے  پر انہیں رکھا گیا لیکن ملازمت کے تیسرے دن ہی ان کے ساتھ نامناسب واقعہ پیش آیا۔ایشال عدنان نے الزام عائد کیا کہ ملازمت کے تیسرے دن ہی آفتاب اقبال نے انہیں نامناسب پیش کش کرنا شروع کردیں، جس پر انہیں تعجب بھی ہوا لیکن ساتھ ہی انہوں نے سینئر ٹی وی میزبان کو کھری کھری سنائیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے انکار کے بعد آفتاب اقبال کو غصہ آیا اور انہوں نے انہیں براہ راست دھمکیاں دینا شروع کردیں کہ وہ انہیں شو سے نکال دیں گے اور اسکرین پر نہیں آنے دیں گے۔ٹی وی میزبان کے مطابق انہوں نے آفتاب اقبال کو کہا کہ وہ ان کے آگے بچی ہیں، وہ ان کی بہت عزت کرتی ہیں اور یہ کہ سینئر اینکر کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ایشال عدنان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آفتاب اقبال کو کہا کہ انہیں جو کرنا ہے کرلیں، وہ ان کی آفرز قبول نہیں کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں آفتاب اقبال نے انہیں شو سے نکال دیا، انہیں بطور شریک میزبان پروگرام میں شامل نہیں کیا اور ان کی اس بات کے دیگر افراد بھی گواہ ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے ٹی وی چینل کے ہیومن ریسورس (ایچ آر) ڈیپارٹمنٹ کو ای میل کرکے صورتحال سے آگاہ کیا اور ان کی شکایت پر چینل کے مالک نے بھی نوٹس لیا، انہوں نے ان کی دلیری کی تعریفیں کیں۔ایشال عدنان کے مطابق ٹی وی چینل مالک نے کہا کہ آفتاب اقبال بزنس لا رہا ہے، اس لیے انہیں نہیں نکالا جا سکتا لیکن شکایت کرنے والی لڑکی کو بھی نہیں نکالا جائے گا، وہ باہمت لڑکی ہیں۔آفتاب اقبال نے اپنے سوشل پلیٹ فارم ایکس  اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ مس ایشل عدنان نے ایک مبینہ ہراسانی کے واقعے کے بارے میں عجیب و غریب دعوے کیے ہیں، جو ان کے مُطابق کئی سال پہلے پیش آیا تھا۔ میں نے ان کو اور اُس مضحکہ خیز پوڈکاسٹ کے میزبان کو ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے، جس میں ان بے بنیاد اور ہتکِ عزت بیانات پر ایک ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں