64

پپو کی کہانی 2

پپو کہانی پارٹ 2

دوستو، پپو کوئی فرضی کردار نہیں،کئی بار بتاچکا ہوں، آج پھر بتارہا ہوں کہ پپو میرا برسوں پرانا بلکہ پھٹا پرانا دوست ہے۔۔جس کا کاروبار کراچی کے مضافاتی علاقے کورنگی نمبر چھ میں ایک چھوٹا سا پان کا کیبن ہے، جس میں وہ پان،سگریٹوں کے علاوہ دیگر اشیا فروخت کرتا ہے۔۔پپو کو یہ کاروبار ورثے میں ملا ہے۔۔ میٹرک ساتھ کیا تھا۔۔ لیکن اس کے بعد اس نے کیا کیا یہ بتانے والا نہیں۔۔بہرحال مطالعہ کا اب بھی شوقین ہے، لیپ ٹاپ پر ملک بھر کے علاوہ دنیا جہاں کے مشہور و معروف اخبارات ضرورپڑھتا ہے۔۔ بالی وڈ کی سرگرمیوں پر نظر رکھتا ہے،کہہ رہا ہے جس عمر میں رجنی کانت وہاں ہیرو آرہا ہے۔۔ اس عمر میں تو ہمارے سلطان راہی نے کیرئر کا آغاز کیا تھا۔۔بھارت کے داخلی ایشوز پر بھی پپو کی گہری نظر ہے۔۔ بتارہا تھا کہ وہاں ان دنوں ٹریفک کے رش میں ایمبولینس کو راستہ نہیں دیا تھا بلکہ بینکوں کی کیش وین کو راستہ دیا جاتا ہے۔۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی خاتون اول کے ماضی سے بھی واقف ہے، جس کا ثبوت انہوں نے اس کی “غریبانہ” تصویریں دکھا کر دیا۔۔فیڈرل کاسترو کی موت کو انقلاب کی شمع بجھ جانے سے تعبیر نہیں کرتا کیوں کہ پپو کا کہنا ہے کہ اگر کاسترو انقلابی لیڈر ہوتا تو کبھی اپنے بھائی کو اپنی جگہ نہ دیتا بلکہ میرٹ پر فیصلہ کرکے کسی اور ملک کا سربراہ بناتا۔۔پپو کہتا ہے کاسترو نے کیوبا میں پچاس سال حکومت کی،آج بھی کیوبا ویسا کا ویسا ہے، پپو کہتا ہے مجھے پانچ سال موقع دیا جائے تو میں بتادیتا کہ انقلابی لیڈر کیا ہوتا ہے۔۔خیر پپو کے افکار اورنظریات اپنی جگہ۔۔ بتانے کا مقصد یہ تھا کہ پپو کی زندگی کے ہرشعبے پر نظر ہے۔۔کسی کے بار ے میں زیادہ تو کسی کے بارے میں کم، لیکن معلومات رکھتے ضرور ہیں۔۔
پپو سےمتعلق باتیں آئندہ بھی ہونگی آج پپو کے ساتھ اسکول کے کچھ واقعات یاد آرہے تھے سوچا شیئر کرلوں،پپو کے آئیڈیا ز ہیرے کی طرح ہوتے ہیں ،اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ بہت قیمتی ہوتے ہیں، بلکہ ہیرے کی ابتدائی شکل کی طرح بہت زیادہ کالے ہوتے ہیں۔۔پپو میں کامن “سینس” کوٹ کوٹ کر بھرا ہے شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ اس نے میری طرح میٹرک سائنس سے کیا ہے۔۔ ایک روز بائیلوجی کے ٹیچر نے پپو سے پوچھا۔۔ ایلوویرا کیا ہے؟؟۔۔پپو نجانے کن خیالوں میں گم تھے۔۔ کہنے لگے۔۔ ایلوویرا اصل میں پنجابی زبان کے الفاظ ہیں جس میں کوئی لڑکی یا لڑکا اپنے بھائی کو کوئی چیز دینے کی آفر کردیتے ہوئے کہتا ہے ” ایلو ویرا”۔۔۔پھر ایک روز بائیلوجی میں نباتات کا چیپٹر (باب) تھا۔۔ ٹیچر نے اسٹارٹ لیا۔۔ہمارا آج کا موضوع ہے فوٹوسینتھیسس۔۔۔پھر پپو سے اچانک سوال کردیا۔۔۔ فوٹو سینتھیسس کیا ہے؟ پپو نے برجستہ کہا۔۔ فوٹو سینتھیسس ہمارا آج کا ٹاپک ہے۔۔۔
پپو گرل فرینڈز کے معاملے میں بھی خودکفیل ہے، لیکن اتنی خودکفالت بھی نہیں کہ وہ انہیں “ایکسپورٹ” کرنا شروع کردے، پپو اپنی گرل فرینڈز کو ٖغلط (گرل) فرینڈ کہتا ہے۔۔ یہ جان بوجھ کر نہیں ہوتا بلکہ ادائیگی کا مسئلہ ہے۔۔ ان کے تین بریک اپس کا تو میں بھی گواہ ہوں۔۔ ایک بار انہوں نے میرے سامنے اپنی ایک “غلط فرینڈ” کو فون کیا۔۔ پوچھا کیا کررہی ہو؟۔۔ وہاں سے جواب آیا ۔۔ میک اپ کررہی ہوں۔ پپو نے کہا، تمہیں میک اپ کی ضرورت نہیں۔۔ جس پر وہ ہنسی اور بولی ، سچی؟؟۔۔ پپو نے برجستہ کہا ، تمہیں میک اپ کی نہیں پلاسٹک سرجری کی اشد ضرورت ہے۔۔۔پھر اس کے بعد لائن کٹ گئی۔۔اسی طرح ایک بار ہم پپو کے کیبن پر کرنٹ افیئرز پر تبادلہ خیالات کررہے تھے ، ہلکی ہلکی بوندا باندی بھی جاری تھی۔۔ اچانک ان کی ایک گرل فرینڈ کا فون آگیا۔۔ اس نے پوچھا ، آج رات کا کیا پروگرام ہے؟۔۔ پپو نے کہا، پیزا کھائیں گے۔۔گرل فرینڈ جو واقعی غلط فرینڈ ہی لگی آگے سے بولی۔۔ نہیں کچھ رومانٹک بتاؤ۔۔ پپو نے کہا۔۔ بارش میں پیزا کھائیں گے۔۔ اب یہ پپو کی سادہ لوحی تھی نیک خوئی۔۔اس کا اندازہ نہیں ہوسکا۔۔ اسی طرح ایک اور بارپپو ہمارے ساتھ کسی اہم موضوع پر بحث میں الجھے ہوئے اور شدید تپ رہے تھے، اچانک ان کی ایک گرل فرینڈ کا فون آیا۔۔ کہنے لگی ۔۔ہم دونوں کی جو محبت ہے اس پر کوئی ایک کمنٹس کرو۔۔ پپو بولا۔۔ ہماری محبت ایسی ہی جیسے آسمان کے تارے گننا۔۔ گرل فرینڈ خوشی سے بولی، یعنی لامحدود۔۔ پپو برجستگی سے بولا۔۔ نہیں، وقت کا زیاں۔۔ایک بار ہم نے پپو سے سوال کیا۔۔یار ہمیشہ لڑکوں کو ہی پہلی نظر میں محبت کیوں ہوجاتی ہے۔۔ پپو نے کوئی فلسفہ نہیں جھاڑا سادا سا جواب دیا۔۔ اس لئے کہ لڑکے ٹائم ضائع پسند نہیں کرتے۔۔اسی دوران ایک بائیک والا آیااور بائیک پر ہی بیٹھے بیٹھے پوچھنے لگا۔۔ ایکسکیوزمی مجھے کورنگی پانچ کے سینماگھر وں کے سامنے سلطان اسپتال جانا ہے۔۔ پپو پہلے ہی تپا ہوا تھا کہنے لگا۔۔ جا بھائی جا، اس طرح رک رک کے لوگوں کو بتاتا جائے گا تو کب پہنچے گا؟؟

Facebook Comments

اپنی رائے کا اظہار کریں